اتوار 7 جون 2026 - 11:32
شیعہ علماء اور خمس کے خلاف کارروائی فرقہ وارانہ انتقام ہے: جمعیت الوفاق بحرین

حوزہ/ بحرین کی شیعہ سیاسی و مذہبی تنظیم جمعیت الوفاق اسلامی نے شیعہ علماء کی گرفتاریوں اور خمس سے متعلق بحرینی پراسیکیوشن کے حالیہ بیان کو ’’بڑی رسوائی‘‘ قرار دیتے ہوئے حکومت پر فرقہ وارانہ پالیسی اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت الوفاق اسلامی بحرین نے شیعہ علماء کی گرفتاریوں اور فریضۂ خمس سے متعلق پراسیکیوشن کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ایک بڑی فرقہ وارانہ رسوائی قرار دیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ پراسیکیوشن ایک قانونی ادارے کے بجائے سیاسی اور سکیورٹی ادارے کی شکل اختیار کر چکی ہے اور لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے متضاد اور بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے۔

الوفاق نے اپنے بیان میں کہا کہ گرفتار علماء کے خلاف پیش کیے گئے الزامات ابتدا ہی سے کمزور اور ناقابلِ اعتبار ہیں اور یہ کارروائیاں دراصل حالیہ علاقائی حالات کے بعد شیعہ برادری کے خلاف انتقامی اقدامات کا حصہ ہیں۔ تنظیم کے مطابق بحرین میں چالیس سے زائد علماء کو نشانہ بنایا گیا ہے، حالانکہ وہ مختلف دینی مدارس اور حوزات سے وابستہ ممتاز مذہبی شخصیات ہیں جو تبلیغ، تدریس اور سماجی خدمات میں مصروف رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ خمس اور دیگر شرعی حقوق شیعہ مذہب کا بنیادی حصہ ہیں اور ان کی وصولی و تقسیم ایک شرعی فریضہ ہے۔ ان مذہبی واجبات کو منی لانڈرنگ یا سکیورٹی جرم قرار دینا نہ صرف انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ مذہبی آزادیوں پر بھی حملہ ہے۔ الوفاق نے وضاحت کی کہ علماء شرعی نمائندوں کی حیثیت سے یہ حقوق معروف مراجع تقلید تک پہنچاتے ہیں، نہ کہ کسی حکومت یا سیاسی جماعت کو۔

تنظیم نے مزید کہا کہ گرفتار علماء کا سیاسی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں اور ان کی تمام سرگرمیاں کھلے عام انجام پاتی رہی ہیں۔ الوفاق کے مطابق موجودہ اقدامات دراصل شیعہ مذہبی شعائر، عقائد اور فقہی نظریات کو نشانہ بنانے کی کوشش ہیں جس سے مکتب جعفری کے پیروکاروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

جمعیت الوفاق نے مطالبہ کیا کہ ان مقدمات کا جائزہ شیعہ مذہبی اور علمی اداروں کے ماہرین کی مشاورت سے لیا جائے اور علماء کو فوری طور پر انصاف فراہم کیا جائے۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ اس طرزِ عمل کا تسلسل بحرین میں مذہبی ہم آہنگی اور قومی وحدت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha